پاک فوج نے دنیا پر واضح کردیا پاکستان کی سالمیت پر آنچ آئی تو جواب پتھروں سے نہیں، فولاد سے دیا جائیگا
مظفر آباد( آئی این پی )وزیراعظم آزاد کشمیر چودھری انوار الحق نے کہا ہے کہ آپریشن بنیان مرصوص پر ہماری آنے والی نسلیں بھی فخر کریں گی۔یوم تشکر پر اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ میں پوری قوم، بالخصوص آزاد کشمیر کے باشعور عوام کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں، ہم اپنے عظیم وطن کی افواج کی بے مثال فتح اور بہادری کا جشن منا رہے ہیں، آپریشن بنیان مرصوص وہ روشن مثال ہے جس پر آنے والی نسلیں بھی فخر کریں گی۔انہوں نے کہا کہ 7 مئی کو رات کی تاریکی میں جب بھارت نے بزدلانہ حملہ کیا، اس وقت بھی ہماری فضائیہ نے ان کے پرخچے اڑا دیئے،10مئی کو ہماری بہادر افواج نے جس حوصلے، پیشہ ورانہ مہارت اور قومی غیرت کا مظاہرہ کیا، وہ نہ صرف دشمن کے عزائم کو خاک میں ملا گیا بل کہ پوری قوم کے حوصلے بلند کر گیا۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاک فوج نے اپنے جرات مندانہ اقدامات سے دنیا پر یہ واضح کر دیا کہ پاکستان ایک پرامن مگر باعزت اور خودمختار ریاست ہے، اگر پاکستان کی سالمیت پر آنچ آئی تو جواب پتھروں سے نہیں، فولاد سے دیا جائے گا۔