چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ عالیہ نیلم کی سربراہی میں لارجربینچ 7 اپریل کو سماعت کرے گا
لاہور (کورٹ رپورٹر )لاہورہائیکورٹ نے نظر بندی کے سیکشن 3 کے خلاف دائر درخواست کا تحریری حکم جاری کردیا۔ عدالت نے درخواست پر سماعت کے لیے پانچ رکنی لارجر بینچ تشکیل دے دیا۔چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم نے درخواست پر تحریری حکم جاری کرتے ہوئے لارجر بینچ تشکیل دے دیا۔ چیف جسٹس کی سربراہی میں 5 رکنی بینچ 7 اپریل کو سماعت کرے گا۔بنچ کے دیگر اراکین میں جسٹس چودھری محمد اقبال، جسٹس فاروق حیدر، جسٹس امجد رفیق اور جسٹس خالد اسحاق شامل ہونگے۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ نظر بندی کے سیکشن 3 کو سیاسی بنیادوں کے طور پر استعمال کیا جارہا ہے۔پی ٹی آئی کے رہنمائوں اور کارکنوں کے نظری بندی کے نوٹیفکیشن جاری کرکے انکے بنیادی حقوق کو متاثر کیا جارہا ہے عدالت نظر بندی کی سیکشن تین کو کالعدم قرار دینے کا حکم دے۔ ہائیکورٹ کے ایک رکنی بینچ نے نظر بندی کے قانون کی سیکشن تین کو معطل کررکھا ہے۔