پیرا فورس کی ساکھ پر سمجھوتہ نہیں، اختیارات کا ناجائز استعمال ناقابلِ قبول: مریم نواز

پیرا فورس کی ساکھ پر سمجھوتہ نہیں، اختیارات کا ناجائز استعمال ناقابلِ قبول: مریم نواز

مریم نواز کی زیر صدارت پیرا فورس کی کارکردگی اور اصلاحات سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ادارے کو مزید شفاف، منظم اور عوام دوست بنانے کے لیے متعدد فیصلے کیے گئے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پیرا فورس کی کارروائیوں کی نگرانی کے لیے ڈیجیٹل ریکوزیشن سسٹم کو لازمی قرار دیا جائے گا تاکہ تمام اقدامات کا شفاف اور منظم ریکارڈ رکھا جا سکے۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لیے "آسک پیرا" پورٹل کو مزید فعال بنایا جائے، جبکہ ڈی جی پیرا کو عوامی رابطے اور پبلک انٹرایکشن بڑھانے کی بھی ہدایت کی گئی۔مریم نواز نے کہا کہ اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے والے اہلکاروں کے لیے پیرا فورس میں کوئی جگہ نہیں ہوگی اور ادارے کی ساکھ پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے زور دیا کہ پیرا فورس کی ہر کارروائی عوام دوست اور قانون کے مطابق ہونی چاہیے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ انسداد تجاوزات (اینٹی انکروچمنٹ) کی کارروائی سے قبل شہریوں کو لازمی نوٹس دیا جائے اور پیشگی آگاہ کیا جائے۔

اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ اینٹی انکروچمنٹ اور پرائس کنٹرول کے علاوہ ہر کارروائی کے لیے پیشگی ڈیجیٹل ریکوزیشن لازمی ہوگی۔ وزیراعلیٰ نے قانونی کارروائی کے دوران مزاحمت کے رجحان کے خاتمے پر بھی زور دیا۔اجلاس میں انویسٹی گیشن افسران کے تبادلوں کو سفارش سے پاک رکھنے کا فیصلہ بھی کیا گیا، جبکہ پیرا فورس کو مزید پیشہ ورانہ خطوط پر استوار کرنے کے لیے کلر کہار میں ٹریننگ اکیڈمی پر کام شروع کرنے سے بھی آگاہ کیا گیا۔