ڈی آئی جی کا گرجا گھروں دورہ ،تقریبات پر سکیورٹی ہائی الرٹ

لاہور (کرائم رپورٹر) دعائیہ تقریبات کے سلسلے میں شہر بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی۔ ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران نے مال روڈ پر واقع کیتھولک چرچ، چرچ آف پاکستان ڈایوسِس نیلا گنبد اور نولکھا کے گرجا گھر کا دورہ کرکے سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے چرچ انتظامیہ سے ملاقات کی اور سکیورٹی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے ڈیوٹی پر موجود پولیس افسران اور اہلکاروں کو ضروری ہدایات جاری کرتے ہوئے عبادت گاہوں کے اطراف گشت، ناکہ بندی اور داخلی و خارجی راستوں کی نگرانی مزید مؤثر بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور امن و امان کے قیام کے لیے لاہور پولیس ہر وقت چوکس ہے، جبکہ تمام عبادت گاہوں کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر اور جامع اقدامات کیے جا رہے ہیں۔