بیوپاری سجاد اور اسکے دوست عمران سے ڈاکو لاکھوں کی نقدی چھین کرلے گئے
چیچہ وطنی(خصوصی رپورٹ) ڈاکو اور نوسرباز نقدی ، موبائل فون اور لاکھوں روپے مالیت کے مویشی لے اْڑے، تعاقب کرنے پر فائرنگ، چچا، بھتیجا شدید زخمی، تفصیلات کے مطابق نواحی گاؤں 31 گیارہ ایل کے قریب سجاد محمود بیوپاری سے دو ڈاکو گن پوائنٹ پر ایک لاکھ 45 ہزارروپے نقدی ااور اس کے دوست عمران حنیف سے 600 روپے نقدی چھین کر فرار ہوگئے۔ اسی گاؤں 31 گیارہ ایل میں مویشیوں کے بیوپاری عرفان نوید کو الیاس عرف کبیر اور محمد جمیل دو بھائیوں نے امانت کی دو بھینسیں مالیت دس لاکھ روپے اپنے ڈیرہ پر باندھ کر خوردبرد کرکے غائب ہوگئے۔ چک نمبر 21 چودہ ایل میں غلام مرتضیٰ زمیندار کے بھتیجے عبدالرحمن سے موبائل فون مالیت 45 ہزارروپے غلام فرید زبردستی چھین کر فرار ہوا تو اس کے چچا حق نواز نے ڈاکو کا تعاقب کیا تو غلام فرید اوراس کے ساتھیوں وسیم، صفدر چڑی، حسن امین وہنیوال نے تشدد کرکے چچا بھتیجے کو شدید زخمی کردیااور فرار ہوگئے۔ دونوں زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ پولیس نے سجاد محمود، عرفان نوید اور غلام مرتضیٰ کی مدعیت میں ملزموں کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا۔