رکشہ یونینز، آن لائن کیب سروسز اور پبلک ٹرانسپورٹ کو مہلت ، خصوصی ٹیمیں تعینات :سی ٹی او
لاہور( کرائم رپورٹر)سٹی ٹریفک پولیس نے عوامی تحفظ کے پیش نظر پبلک ٹرانسپورٹ، ٹیکسیوں، رکشوں اور آن لائن کیب سروسز میں کیو آر پینک بٹن اور دیگر جدید سکیورٹی فیچرز کی تنصیب یقینی بنانے کے لیے یکم جولائی کے بعد کریک ڈا ئون کا فیصلہ کر لیا ہے۔چیف ٹریفک آفیسر سید عبدالرحیم شیرازی کے مطابق تمام رکشہ یونینز، آن لائن کیب سروسز اور پبلک ٹرانسپورٹ آپریٹرز کو یکم جولائی تک کی مہلت دی گئی ہے۔ مقررہ تاریخ کے بعد کیو آر پینک بٹن اور دیگر لازمی حفاظتی فیچرز نہ اپنانے والی گاڑیوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔سی ٹی او نے بتایا کہ شہر کے 45 مختلف مقامات پر ٹریفک پولیس کی ٹیمیں کیو آر پینک بٹن کی تنصیب کا عمل جاری رکھے ہوئے ہیں، جبکہ ہر ٹریفک سیکٹر میں خصوصی ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں۔ رکشوں کے لیے 12 الگ ٹیمیں مختص کی گئی ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ گاڑیوں میں یہ سہولت نصب کی جا سکے۔انہوں نے کہا کہ مختلف رکشہ یونینز کی درخواست پر شہریوں کی سہولت کے لیے مزید چار نئے لائسنس سینٹرز بھی قائم کیے گئے ہیں۔ اب تک جاری مہم کے دوران 6 ہزار سے زائد رکشوں میں کیو آر پینک بٹن نصب کیا جا چکا ہے۔