خام تیل قیمت جیسے ہی 76 ڈالر کی سطح پر آئے گی تو ہم بھی قیمتوں کو کم کر دیں گے، چند عناصر گمراہ کر رہے: وفاقی وزیر پٹرولیم
لاہور،اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک،بیورو رپورٹ)وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت جیسے ہی 76 ڈالر کی سطح پر آئے گی تو ہم بھی قیمتوں کو کم کر دیں گے، حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کیلئے 130 ارب کی سبسڈی دی ، ایران سے سستا تیل و گیس خریدنے پر غور کر رہے ہیں، ایران گیس پائپ لائن منصوبہ پیرس کی عدالت میں ہے، کیس کی پیروی کررہے ، ایرانی بھائیوں سے مل کر معاملات حل کریں گے، ایرانی صدر نے اسلام آباد امن معاہدہ کرانے میں شاندار کردار ادا کیا۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی پرویز ملک نے کہا کہ عالمی سطح پر کیے گئے معاہدوں پر رہتے ہوئے آگے چلیں گے، پچھلے ہفتے عالمی منڈی میں خام تیل کی جتنی قیمت کم ہوئی اس سے بڑھ کر ریلیف دیا گیا تھا، کچھ عناصر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پرعوام کو گمراہ کر رہے ہیں حالانکہ وزیراعظم شہباز شریف نے فوری فائدہ عوام کو منتقل کیا۔علی پرویز ملک نے کہا کہ آج اس خطے میں امن ہوگیا، ایران اور امریکا کی جنگ کا خاتمہ ہوا، جس کے بعد اب عالمی منڈی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی آئی،پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ سے پورا پاکستان تنگ تھا، ایک ایک آدمی اس مشکل وقت سے گزرا مگر اللہ کا شکر ہے یہ وقت گزر چکا اور اب اچھا وقت آرہا ہے۔علی پرویز ملک نے مزید کہا کہ اللہ کے فضل سے محرم الحرام کا پہلا عشرہ بخیریت گزر گیا، امن و امان کیلئے پاک فوج، وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب کو سراہتے ہیں۔