طالبعلم اور مدرسے کے امیر طاہر کے درمیان تلخ کلامی ہوئی تھی:ابتدائی تحقیقات
لاہور (کرائم رپورٹر) کاہنہ کے علاقے میں مدرسے کے طالبعلم محمد سمیر پر مبینہ تشدد کے واقعے پر کاہنہ پولیس نے مرکزی ملزم طاہر کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا۔ ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا کہ طالبعلم اور مدرسے کے امیر طاہر کے درمیان تلخ کلامی ہوئی تھی، جس کے بعد مبینہ طور پر طاہر نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ بدلہ لینے کی نیت سے طالبعلم کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ متاثرہ طالبعلم کی درخواست پر تھانہ کاہنہ میں چھ نامزد ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران نے بتایا کہ طالبعلم کی نشاندہی پر مرکزی ملزم طاہر کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس واقعے کے تمام پہلوؤں پر شفاف اور میرٹ کے مطابق تحقیقات کر رہی ہے اور بچوں پر تشدد یا قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت کسی کو نہیں دی جائے گی۔ واقعے میں ملوث تمام افراد کو قانون کے مطابق انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔