طالب علم پر تشدد، استاد اور اکیڈمی مالک گرفتار

 ریس کورس میںٹیوشن کے دوران مبینہ تشدد سے10سالہ طالب علم وصام کا بازو ٹوٹ گیا، مقدمہ درج
لاہور (کرائم رپورٹر) ریس کورس پولیس نے دس سالہ طالب علم پر مبینہ تشدد کرنے کے الزام میں استاد اور نجی اکیڈمی کے مالک کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق پانچویں جماعت کے طالب علم محمد وصام کو گزشتہ شام اکیڈمی میں ٹیوشن کے دوران تشدد کا نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں اس کا بازو ٹوٹ گیا۔ پولیس نے واقعے میں ملوث ہونے کے الزام میں استاد طلحہ اور اکیڈمی کے مالک محمد عثمان کو گرفتار کرکے ان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا کہ تعلیم کے نام پر بچوں پر تشدد کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ تعلیمی اداروں میں بچوں کو محفوظ اور باعزت ماحول فراہم کرنا ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اساتذہ کا کام بچوں کی تربیت کرنا ہے، انہیں جسمانی اذیت دینا نہیں۔