لاہور (کرائم رپورٹر) لیاقت آباد پولیس نے 15 پر موصول ہونے والی اطلاع پر فوری کارروائی کرتے ہوئے سکول کی خاتون ٹیچر سے مبینہ اجتماعی زیادتی کے مقدمے میں دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں سکول کا سکیورٹی گارڈ محسن اور اس کا ساتھی اسد شامل ہیں۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق سکیورٹی گارڈ چھٹی کے بعد خاتون ٹیچر کو ورغلا کر اپنے دوست کے گھر لے گیا، جہاں مبینہ طور پر دونوں ملزمان نے بے ہوشی کی دوا پلا کر خاتون کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا۔ ایس پی ماڈل ٹاؤن اسد علی کے مطابق متاثرہ خاتون کو ہوش آنے پر ملزمان اسے گھر سے نکال کر فرار ہو گئے۔ واقعے کے بعد متاثرہ خاتون کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے، جبکہ ایس پی ماڈل ٹاؤن نے کہا کہ خواتین کا استحصال کرنے والوں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی اور ملزمان کو قانون کے مطابق سخت سزا دلائی جائے گی۔