لاہور (کرائم رپورٹر) ساندہ پولیس نے 18 سالہ نوجوان نعیم کو چھریوں کے وار کرکے قتل کرنے والے ملزم حمزہ کو گرفتار کر لیا۔ ایس پی اقبال ٹاؤن سدرہ خان کے مطابق مقتول نعیم راجگڑھ ساندہ میں واقع ایک فوڈ پوائنٹ پر ملازمت کرتا تھا۔ واقعے کے روز فوڈ پوائنٹ کے منشی حمزہ اور نعیم کے درمیان معمولی تلخ کلامی ہوئی، جس پر مشتعل ہو کر ملزم نے نعیم کے سینے پر چھری کا وار کیا اور موقع سے فرار ہو گیا۔ پولیس کے مطابق واردات کے بعد ملزم گرفتاری سے بچنے کے لیے ضلع ملتان میں روپوش ہو گیا تھا، تاہم ساندہ پولیس نے مختلف علاقوں میں کامیاب چھاپے مار کر اسے قلیل وقت میں گرفتار کر لیا۔ پولیس نے بتایا کہ ملزم حمزہ کے خلاف مقتول کے والد اشفاق کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا تھا، جبکہ گرفتار ملزم کو مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ ایس پی اقبال ٹاؤن سدرہ خان نے کامیاب کارروائی پر ایس ایچ او ساندہ رضوان چیمہ، سب انسپکٹر عمر شبیر اور پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا۔