لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور کے علاقے فیصل ٹائون میں پیسوں کے لالچ میں خواجہ سراء کو قتل کر دیا گیا۔ایس پی ماڈل ٹائون اخلاق اللہ تارڑ نے صحافیوںسے گفتگو کے دوران بتایا کہ فیصل ٹائون پولیس نے اندھے قتل میں ملوث ملزمان کو جدید ٹیکنالوجی سے ٹریس کرکے ملتان سے گرفتار کیا۔ مقتول زمان احمد عرف پلوشہ بہاولنگر کا رہائشی تھا جس نے کام کی غرض سے لاہور فیصل ٹائون سی بلاک میں فلیٹ کرائے پر لیا ہوا تھا۔ایس پی ماڈل ٹائون نے بتایا کہ ملزمان طارق اور امتیاز ملتان سے لاہور آکر دیہاڑی وغیرہ کرتے تھے، ملزم طارق مقتول کا جاننے والا تھا اور اکثر اس کے پاس آتا جاتا تھا، ملزمان نے باہم ملکر پلوشہ کو قتل کرنے اور رقم و موبائل چوری کرنے کا پلان بنایا۔18مئی کی شب ملزمان پلان کے مطابق مقتول کے فلیٹ پرآئے، ملزم طارق نے مقتول پلوشہ کے ساتھ بدفعلی کرتے ہوئے اسے دبوچ لیا، ساتھی ملزم امتیاز نے مقتول کا چھری سے گلا کاٹ کر بے دردی سے قتل کیا۔ ایس پی ماڈل ٹائون کے مطابق قتل کے بعد ملزمان موبائل اور نقدی چوری کرکے ملتان فرار ہوگئے اور فرار ہوتے ہوئے آلہ قتل قریبی نامعلوم جگہ پر پھینک گئے، ملزم طارق 3مقدمات میں سابقہ ریکارڈ یافتہ ہے، ملزمان سے واقعہ کے متعلق مزید تفتیش جاری ہے۔