تہران: ایران نے خلیجی خطے کے لیے نئے علاقائی سیکیورٹی نظام کی تشکیل کی تجویز پیش کرتے ہوئے خطے کے ممالک کو مشترکہ اتحاد قائم کرنے کی پیشکش کر دی ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے عراقی قومی سلامتی کے مشیر قاسم العبودی سے ملاقات کے بعد کہا کہ حالیہ علاقائی کشیدگی نے ثابت کر دیا ہے کہ خطے کے ممالک کو اپنی سلامتی کی ذمہ داری خود سنبھالنی چاہیے اور مستقبل کے سیکیورٹی انتظامات باہمی مشاورت سے طے کیے جانے چاہییں۔انہوں نے کہا کہ ایران خلیج فارس کے ممالک کے ساتھ مل کر ایسا علاقائی سیکیورٹی فریم ورک قائم کرنے کے لیے تیار ہے، جس میں دفاعی تعاون کے ساتھ ساتھ اقتصادی شراکت داری کو بھی شامل کیا جائے۔عباس عراقچی نے زور دیا کہ خطے میں دیرپا امن اور استحکام کے لیے ضروری ہے کہ بیرونی فوجی طاقتوں کو علاقائی سیکیورٹی معاملات سے دور رکھا جائے، جبکہ علاقائی ممالک باہمی اعتماد، تعاون اور مشترکہ مفادات کی بنیاد پر اپنے مستقبل کا تعین کریں۔