کراچی میں اسٹریٹ کرائم کی ایک اور واردات سامنے آئی ہے، جہاں نارتھ کراچی سیکٹر 11-اے میں ریسٹورنٹ کے باہر میاں بیوی سے اسلحے کے زور پر موٹر سائیکل چھین لی گئی۔
واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظرِ عام پر آ گئی ہے۔پولیس کے مطابق واقعہ سرسید تھانے کی حدود میں رات تقریباً ساڑھے 10 بجے پیش آیا۔ فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ میاں بیوی جیسے ہی ریسٹورنٹ کے باہر موٹر سائیکل پر بیٹھے، ایک موٹر سائیکل پر سوار تین مسلح ملزمان اچانک پہنچے اور اسلحے کے زور پر موٹر سائیکل چھین کر فرار ہو گئے۔فوٹیج کے مطابق شہری نے مزاحمت نہیں کی، جس کے باعث ملزمان صرف 20 سیکنڈ میں واردات مکمل کرکے باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔پولیس نے بتایا کہ 28 جولائی کو پیش آنے والی واردات کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جبکہ سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔