کراچی: بفرزون میں گھر کی دہلیز پر کھڑی طالبہ سے موٹرسائیکل سوار ملزم موبائل فون چھین کر فرار ہوگیا، واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی۔
تفصیلات کے مطابق تیموریہ تھانے کی حدود بفرزون سیکٹر 15-A ٹو میں طالبہ گھر کی دہلیز پر کھڑی تھی کہ موٹرسائیکل سوار ملزم اچانک اس کے قریب رکا اور موبائل فون چھین کر فرار ہوگیا۔سی سی ٹی وی فوٹیج میں طالبہ کو گھر کے دروازے پر کھڑے دیکھا جاسکتا ہے، جبکہ ملزم موٹرسائیکل پر آتا، موبائل فون چھینتا اور فرار ہوجاتا ہے۔ طالبہ نے ملزم کو روکنے کی کوشش کرتے ہوئے اس پر پانی کی بوتل بھی پھینکی، تاہم وہ فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔فوٹیج میں مبینہ ملزم کا چہرہ واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے۔ پولیس کے مطابق واردات گزشتہ روز صبح پونے 8 بجے کے قریب پیش آئی۔ایس ایچ او تیموریہ ثاقب خان کا کہنا ہے کہ پولیس کو ایسی کسی واردات کی رپورٹ موصول نہیں ہوئی، تاہم سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزم کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔