آسٹریلیا کے ورلڈ کپ جیتنے والے ہیڈ کوچ اینڈریو میکڈونلڈ نے 2027 کے آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کے لیے ٹیموں کے اسکواڈ کا حجم بڑھانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ 15 رکنی اسکواڈ نئے فارمیٹ کے لیے ناکافی ثابت ہو سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئی سی سی کے نئے فارمیٹ کے تحت ٹورنامنٹ میں زیادہ میچز کھیلے جائیں گے، جس کے باعث کھلاڑیوں پر جسمانی دباؤ بھی بڑھے گا۔ ایسے میں ٹیموں کو انجریز اور مختلف کنڈیشنز سے نمٹنے کے لیے زیادہ کھلاڑیوں کی ضرورت ہوگی۔اینڈریو میکڈونلڈ کے مطابق اگر اسکواڈ کو 17 رکنی کر دیا جائے تو انجری کا شکار اہم کھلاڑیوں کو ٹیم کے ساتھ رکھنا اور مختلف پچز و حالات کے مطابق بہترین کمبی نیشن تشکیل دینا آسان ہوگا۔واضح رہے کہ آئی سی سی نے حال ہی میں اعلان کیا ہے کہ 2027 کا ون ڈے ورلڈ کپ 14 ٹیموں پر مشتمل ہوگا، جس میں گروپ مرحلے کے بعد سپر 7 مرحلہ بھی شامل کیا گیا ہے، جس سے ہر ٹیم کو پہلے کے مقابلے میں زیادہ میچز کھیلنے پڑیں گے۔آسٹریلوی کوچ نے نئے فارمیٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے اس بات پر بھی افسوس کا اظہار کیا کہ اس میں ایسوسی ایٹ ممالک کے لیے مواقع محدود ہو گئے ہیں، اور آئی سی سی کو اس پہلو پر بھی غور کرنا چاہیے۔