آئرلینڈ نے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے لیے اپنے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔
ٹیم کی قیادت ایک بار پھر تجربہ کار اوپنر اور ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے پال اسٹرلنگ کریں گے، جبکہ وکٹ کیپر بلے باز لوکران ٹکر نائب کپتان ہوں گے۔اس اسکواڈ میں شامل 15 میں سے 12 کھلاڑی گزشتہ ایڈیشن کا حصہ تھے، جبکہ نئے چہروں میں ٹم ٹیکٹر، بین کیلٹس اور میتھیو ہمفریز شامل ہیں۔ یہ آئرلینڈ کی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں نویں شرکت ہوگی۔آئرلینڈ کی بہترین کارکردگی 2009 اور 2022 میں سامنے آئی، جب اس نے دوسرے مرحلے کے لیے کوالیفائی کیا اور سابق چیمپئن ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کو شکست دی۔
ٹیم سلیکٹر اینڈریو وائٹ نے امید ظاہر کی کہ آئرلینڈ اس بار مزید مضبوط اور بہتر انداز میں میدان میں اترے گی۔ انہوں نے کہا کہ 2022 کا ورلڈ کپ یادگار رہا، تاہم 2024 میں ٹیم اپنی بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ نہیں کر سکی، جس کی تلافی اب کی جائے گی۔ورلڈ کپ سے قبل آئرلینڈ اٹلی اور متحدہ عرب امارات کے خلاف وارم اپ میچز کھیلے گی۔آئرلینڈ کو گروپ بی میں سری لنکا، آسٹریلیا، عمان اور زمبابوے کے ساتھ رکھا گیا ہے، اور اپنی مہم کا آغاز 8 فروری کو کولمبو میں میزبان سری لنکا کے خلاف کرے گی۔