ادب اور دیگر ہم نصابی پروگرام باقاعدگی سے منعقد کیے جائیں گے
لاہور(خصوصی رپورٹ)محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب نے سرکاری اور نجی سکولوں کے لیے نیا مراسلہ جاری کرتے ہوئے صوبہ بھر کے تمام چیف ایگزیکٹو آفیسرز (ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز) کو فوری عملدر آمد کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔مراسلے کے مطابق تمام سرکاری اور نجی سکولوں میں صبح کی دعا کا باقاعدگی سے انعقاد یقینی بنایا جائے گا، جبکہ طلبہ میں حب الوطنی، قومی یکجہتی اور شہری ذمہ داری کے فروغ کے لیے مختلف غیر نصابی سرگرمیوں کا انعقاد بھی لازمی ہوگا۔ سکولوں میں بزمِ ادب اور دیگر ہم نصابی پروگرام باقاعدگی سے منعقد کیے جائیں گے تاکہ طلبہ میں قومی شعور اور مثبت سماجی اقدار کو فروغ دیا جا سکے۔محکمہ نے تمام سکولوں کو ہدایت کی ہے کہ "مرکہ? حق" کے موضوع پر خصوصی آگاہی لیکچرز کا اہتمام کیا جائے، جن کے ذریعے طلبہ کو قومی تاریخ، اتحاد اور شہری ذمہ داریوں سے آگاہ کیا جائے۔مراسلے میں نظرثانی شدہ نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عملدر آمد کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔ تمام سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کو مراسلے پر من و عن عملدر آمد یقینی بنانے کا پابند کیا گیا ہے، جبکہ سی ای اوز (ڈی ای اے) کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ یہ احکامات فوری طور پر تمام سکول سربراہان تک پہنچائیں۔محکمہ سکول ایجوکیشن نے مراسلے پر سختی سے عملدر آمد کی ہدایت کرتے ہوئے تمام اضلاع سے عملدر آمد رپورٹ بھی طلب کر لی ہے۔