ٹوکے کے وار سے بیوی قتل

 شوہر ناظم کو کنزہ پر بدچلنی کا شبہ تھا، ملزم موقع سے فرار ہوگیا، تلاش کیلئے پولیس کے چھاپے
دیپالپور، اوکاڑہ (خصوصی رپورٹ)اوکاڑہ کی تحصیل دیپالپور کی بستی عبداللہ میں شوہر نے بیوی کو تیزدھار ٹوکے کے وار کرکے قتل کر دیا۔ ملزم ناظم کو بیوی کنزہ عرف کرن بی بی پر بدچلنی کا شبہ تھا، جس کے باعث دونوں میاں بیوی کے درمیان اکثر جھگڑا رہتا تھا۔ ناچاقی کے باعث کنزہ اپنی بہن کے گھر چلی گئی تھی۔ صلح صفائی کیلئے مقتولہ کو اس کا دیور واپس گھر لایا ، ناظم کو رنج تھا کہ وہ گھر سے کیوں گئی ، گزشتہ رات دونوں میں تلخ کلامی ہوئی ، اسی دوران ناظم نے ٹوکے کے پے درپے وار کرکے بیوی کنزہ کو موقع پر ہی موت کے گھاٹ اتاردیا۔ مقتولہ چار بچوں کی ماں تھی، جن میں ایک بیٹی اور تین بیٹے شامل ہیں۔ واردات کے بعد ملزم آلہ قتل سمیت موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس موقع پر پہنچی اور شواہد اکٹھے کرنے کے بعد مقتولہ کی لاش کو پوسٹمارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا۔ پولیس نیمقدمہ درج کرکے ملزم کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارنے شروع کردئیے۔پولیس کا کہنا کہ واقعے کی مختلف پہلو ئوں سے تفتیش جاری ہے۔