اجرت میں 200 روپے تک اضافہ،وکے کی قیمت15سوسے 2ہزار ،تیز کرنے کے 300 روپے تک وصول، خریداروں کا رش کافی کم :دکاندار
لاہور (کرائم رپورٹر)عید قربان قریب آتے ہی چھریوں، ٹوکوں کی دکانوں پر رش بڑھنے لگا ، شہریوں نے چھریاں ٹوکے اور دیگر آلات تیز کرانا شروع کر دئیے، دکانداروں کی جانب سے عارضی سٹالز لگا دئیے گئے، چھریوں کی قیمت اور آلات تیز کرانے کی اجرت میں اضافہ کر دیا گیا، دکانداروں کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال کی نسبت اس سال خریداروں کا رش کافی کم ہے۔شہر کی مختلف شاہراہوں اور بازاروں میں جگہ جگہ عارضی دکانیں اور چھریاں تیز کرنے کیلئے سٹالز لگے ہیں۔ دوسری جانب دکانداروں نے نرخوں میں اضافہ کر دیا۔شہریوں کے مطابق گزشتہ سال کی نسبت اس سال چھریوں کی قیمت اور تیز کرانے کی اجرت میں 200 روپے تک اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے بتایا عام دنوں میں ایک چھری تیز کرنے کے 50 روپے وصول کئے جاتے تھے لیکن اب چھوٹی چھری 150 جبکہ بڑی کے 200 روپے تک لئے جا رہے ہیں، اسی طرح ٹوکے کی قیمت15سوسے 2ہزار جبکہ اسے تیز کرنے کے 300 روپے تک وصول کئے جا رہے ہیں۔دکانداروں کا کہنا تھا تمام اشیا کی قیمتیں آسمان پر پہنچ چکی ہیں۔