لاہور میں آندھی‘کہیں کہیں بارش‘آج سے نیا سپیل آنے کا امکان

لاہور‘اسلام آباد(آئی این پی)لاہور ایئرپورٹ اور اطراف میں طوفان باد و باراں کے باعث پروازوں کیلئے مشکلات پیدا ہوگئیں جس کے باعث ایک پرواز ملتان میں اتار دی گئی جبکہ 10 پروازوں میں تاخیر ہوگئی۔لاہور کے چندعلاقوں میں بارش ہوئی‘محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں 29 جولائی سے بارشوں کے ایک نئے طاقتور سلسلے کے داخل ہونے کی پیشگوئی کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی۔محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے آنے والی مون سون ہوائیں بالائی اور وسطی علاقوں کو متاثر کریں گی، جبکہ یکم اگست سے مغربی ہواؤں کا ایک مضبوط سلسلہ بھی ملک کے بیشتر حصوں کو اپنی لپیٹ میں لے سکتا ہے‘دریں اثناء وفاقی وزرا اور اعلی حکام نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(این ڈی ایم اے ) کا دورہ کیا، جہاں مون سون بارشوں، ممکنہ سیلابی صورتحال اور موسمیاتی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے  اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔این ڈی ایم اے حکام نے بتایا کہ مون سون کیلئے  موثر پیشگی اقدامات یقینی بنائے گئے ہیں، جبکہ رواں سیزن میں غیر معمولی بارشوں کا امکان ہے، شمالی اور مشرقی پاکستان کے علاقے مون سون سے زیادہ متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے