جھارکھنڈ: ہندو یاتریوں کی بس گیس سلنڈرز سے بھرے ٹرک سے ٹکرا گئی، 18 ہلاک

جھارکھنڈ: ہندو یاتریوں کی بس گیس سلنڈرز سے بھرے ٹرک سے ٹکرا گئی، 18 ہلاک

بھارتی ریاست جھارکھنڈ میں خوفناک ٹریفک حادثے میں کم از کم 18 ہندو یاتری ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق، یاتریوں کو لے جانے والی بس گیس سلنڈرز سے بھرے ٹرک سے ٹکرا گئی۔ تصادم کے نتیجے میں بس میں آگ بھڑک اٹھی اور بس کا بیشتر حصہ جل کر راکھ ہو گیا، جس کے باعث 18 افراد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے جبکہ کئی افراد زخمی ہوئے جنہیں قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔عینی شاہدین کے مطابق حادثہ تیز رفتاری اور لاپرواہی کے باعث پیش آیا، تصادم کے بعد موقع پر چیخ و پکار مچ گئی اور ریسکیو ٹیموں نے آگ پر قابو پانے کے بعد لاشوں اور زخمیوں کو بس سے نکالا۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال نومبر میں بھارتی ریاست اتراکھنڈ میں بھی ایک بس حادثے میں 36 افراد ہلاک ہوئے تھے، جس کے بعد بھارت میں ٹریفک حادثات کی شرح پر شدید تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور بس ڈرائیور کی شناخت اور حادثے کے مزید اسباب جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے۔