ایل پی جی سلنڈرز کے پے در پے حادثات کے بعد ضلعی انتظامیہ متحرک ہوگئی، لاہور میں غیر قانونی گیس ڈیکینٹنگ کے خلاف شہر بھر میں کریک ڈاؤن شروع کردیا گیا۔
اے ڈی سی کی نگرانی میں غیر قانونی گیس سیل پوائنٹس کے خلاف کارروائیوں کا آغاز کردیا گیا، جبکہ غیر قانونی گیس ڈیکینٹنگ کے خلاف فوری ایکشن کے لیے خصوصی ٹیمیں بھی تشکیل دے دی گئی ہیں۔سول ڈیفنس، پیرا فورس اور میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور کے اہلکاروں پر مشتمل ٹیمیں غیر قانونی گیس ڈیکینٹنگ کے خلاف کارروائیاں کر رہی ہیں۔ ذرائع کے مطابق سپیشل برانچ کی رپورٹ پر پولیس بھی غیر قانونی گیس ڈیکینٹنگ اور گیس سیل پوائنٹس کے خلاف کارروائیوں میں مصروف ہے۔انتظامیہ کے مطابق غیر قانونی طریقے سے ایل پی جی ڈیکینٹنگ میں ملوث دکانوں کو سیل کیا جا رہا ہے، جبکہ سامان ضبط کرنے کے ساتھ ساتھ مقدمات بھی درج کیے جا رہے ہیں۔انتظامیہ کا کہنا ہے کہ صرف اوگرا سے منظور شدہ معیاری سلنڈرز میں گیس فروخت کرنے کی اجازت ہے، جبکہ غیر محفوظ طریقے سے ایک سلنڈر سے دوسرے سلنڈر میں گیس منتقل کرنا قانون کی خلاف ورزی ہے۔
ذرائع کے مطابق لاہور میں تقریباً ساڑھے 5 ہزار ایل پی جی کی دکانیں اس کاروبار سے وابستہ ہیں، جہاں بعض مقامات پر غیر قانونی اور غیر محفوظ طریقے سے گیس ایک سلنڈر سے دوسرے سلنڈر میں منتقل کی جاتی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ بیشتر دکانوں پر حفاظتی انتظامات کا فقدان ہے اور آگ بجھانے کے آلات بھی دستیاب نہیں ہوتے، جس کے باعث کسی بھی وقت بڑے حادثے کا خدشہ موجود رہتا ہے۔ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے غیر قانونی ایل پی جی ڈیکینٹنگ اور غیر محفوظ گیس سیل پوائنٹس کے خلاف کارروائیاں مزید سخت کی جائیں گی۔