اراضی فروخت کی رقم نہ ملنے پر احسان اللہ نے والدین پرفائرنگ کردی
ملزم 4 روز قبل کویت سے واپس آ یا ،وار دات کے بعد فرار ،لا شیں ہسپتال منتقل
پھالیہ ،پا ہڑیانوالی (خصوصی رپورٹ )تھانہ بھاگٹ کے علاقہ سعد اللہ پور میں کویت پلٹ بیٹے نے زرعی زمین کی فروخت پر رقم نہ ملنے پر طیش میں آ کر ماں باپ اور بیوی کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا اور فرار ہو گیا ۔ بتایا گیا ہے کہ احسان اللہ نے گھریلو تنازع پر اندھا دھند فائرنگ کر کے 75 سالہ والد محمد حسین، 70 سالہ والدہ رسول بی بی اور 35 سالہ بیوی ماریہ بی بی کو موت کے گھاٹ اتار دیا، لاشوں کو پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ڈی پی او منڈی بہا ئو الدین وسیم ریاض خان نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچ کر صورتحال کا جائزہ لیا ،پولیس نے جائے واردات کو محفوظ بنا کر شواہد اکٹھے کر لئے جبکہ فرانزک ٹیم کو بھی موقع پر طلب کر لیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ ملزم 4 روز قبل ہی کویت سے واپس آیا تھا۔پولیس تھانہ بھا گٹ نے مقدمہ درج کرکے ملزم کی گرفتاری کیلئے ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔ڈی پی او کے مطابق ملزم کو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائیگا۔