کراچی میں ٹیچنگ لائسنس کی تقسیمِ اسناد کی تقریب وزیراعلیٰ ہاؤس میں ہوئی، جس میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ ٹیچنگ لائسنس کا اجرا ایک تاریخی سنگِ میل ہے، سندھ کا تعلیمی مستقبل علم، اخلاق اور عمدگی پر استوار ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اصلاحات کا مرکز و محور استاد ہیں، بغیر استاد کے کوئی تعلیمی اصلاح ممکن نہیں، لائسنسنگ سے اساتذہ کا وقار اور کارکردگی میں اضافہ ہوگا۔مراد علی شاہ نے کہا کہ یہ آغاز ہے، ہم معیاری تعلیم کی جانب بڑھ رہے ہیں، معیاری تعلیم کا آغاز معیاری اساتذہ سے ہوتا ہے، سندھ میں پہلی بار ٹیچنگ لائسنس ٹیسٹ کی تکمیل پر فخر ہے، ٹیچنگ لائسنس پالیسی دور اندیش اور جرات مندانہ قدم ہے۔انہوں نے کہا کہ اساتذہ کی لائسنسنگ نظامِ تعلیم میں انقلابی قدم ہے، اساتذہ کی قابلیت اور جوابدہی اب یقینی بنائی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ 16 فیصد اساتذہ ٹیچنگ لائسنس میں پاس ہوئے ہیں اور اب ان کی تیاری بچوں کو معیاری تعلیم دینے کے لیے ہوگی۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ تعلیم اسکول سے پہلے گھر سے شروع ہوتی ہے، پہلے پڑھائی ہوا کرتی تھی، لیکن یہ نظام 40 سے 50 سال قبل خراب ہوا۔ ہم نے میرٹ پر بھرتیاں کی ہیں تاکہ تعلیم کا معیار بہتر بنایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ سیاست پروفیشن نہیں اس لیے لائسنس نہیں لینا پڑتا، جبکہ اساتذہ کی قابلیت اور تربیت کا لائسنس لازمی ہے۔ اچھا استاد وہ ہے جو اپنے شاگردوں کو کامیاب دیکھ کر خوش ہوتا ہے۔