عمران خان کے مطابق خیبر پختونخوا میں امن کے لیے افغان حکومت اور عوام کا اعتماد ضروری، سلمان اکرم راجہ

عمران خان کے مطابق خیبر پختونخوا میں امن کے لیے افغان حکومت اور عوام کا اعتماد ضروری، سلمان اکرم راجہ

راولپنڈی: پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا اور خطے میں امن تب ہی قائم ہو سکتا ہے جب تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا جائے۔

سلمان اکرم راجہ نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کی اور بتایا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے طویل عرصے بعد ملاقات ہوئی۔عمران خان کے خلاف جاری عدالتی کارروائی سب کے سامنے ہے اور انہوں نے واٹس ایپ لنک پر پیشی کا کل بھی بائیکاٹ کیا۔عمران خان کا موقف ہے کہ افغان حکومت، افغان عوام اور قبائلی عوام کو اعتماد میں لینا ضروری ہے، اور لوگوں کو مارنے یا بم پھاڑنے سے امن نہیں بلکہ دہشت گردی بڑھتی ہے۔سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ پارٹی اپنا موقف لے کر آگے چلے گی اور عمران خان نے عدالتی کارروائی کے بائیکاٹ پر بھی غور کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں سیلاب کے ساتھ ظلم اور ناانصافی کا سیلاب بھی جاری ہے، اور جب تک یہ ختم نہیں ہوگا حالات بہتر نہیں ہو سکتے۔فلک جاوید کی گرفتاری کے حوالے سے سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ انہیں اس بارے میں کوئی معلومات نہیں، اور کسی نے نامناسب بات کی تو وہ لغو ہے۔