سری لنکا کا 40 ممالک کے لیے ویزا فیس ختم کرنے کا اعلان

سری لنکا کا 40 ممالک کے لیے ویزا فیس ختم کرنے کا اعلان

ویب ڈیسک: جنوبی ایشیائی ملک سری لنکا نے 40 ممالک کے لیے ویزا فیس ختم کرنے کا اعلان کردیا۔

 اس اقدام کا مقصد زیادہ سے زیادہ سیاحوں کو راغب کرنا اور سیاحت کے شعبے کو فروغ دینا ہے۔

امریکا، برطانیہ اور دیگر ممالک شامل
سری لنکا کے وزیر سیاحت وجیتھا ہیراتھ نے کہا کہ امریکا، برطانیہ، کینیڈا، جرمنی، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور آسٹریلیا سمیت دیگر ممالک کے سیاح اب بغیر ویزا فیس کے سری لنکا کا سفر کر سکیں گے۔انہوں نے کہا کہ اس فیصلے کا مقصد دفتری رکاوٹوں کو کم کرنا اور یہ پیغام دینا ہے کہ سری لنکا سیاحوں کے لیے کھلا ہے۔

حکومت کو 66 ملین ڈالر کے نقصان کا خدشہ
ہیراتھ نے کہا کہ ویزا فیس ختم کرنے سے حکومت کو تقریباً 66 ملین ڈالر کا نقصان ہوسکتا ہے، تاہم سیاحوں کی بڑھتی ہوئی تعداد سے حاصل ہونے والے معاشی فوائد اس نقصان کا ازالہ کر دیں گے۔

پروگرام کی توسیع اور ماضی کا تجربہ
یہ ویزا فیس میں چھوٹ مارچ 2023 میں شروع کیے گئے ایک پروگرام کی توسیع ہے، جس کے تحت بھارت، چین اور روس سمیت 7 ممالک کے سیاحوں کو 30 دن کے لیے مفت ویزے دیے گئے تھے۔اس سے قبل جنوبی ایشیا سے باہر کے زیادہ تر سیاحوں کو مختصر قیام کے ویزے کے لیے 50 سے 60 ڈالر تک کی فیس ادا کرنا پڑتی تھی۔

2025 کا سیاحتی ہدف
سری لنکا نے 2025 تک 30 لاکھ سیاحوں کو راغب کرنے اور 5 ارب ڈالر کی آمدنی کا ہدف مقرر کیا ہے، جو 2024 کے 2.05 ملین سیاحوں اور 3 ارب ڈالر آمدنی کے مقابلے میں ایک بڑا اضافہ ہوگا۔

ہاسپیٹیلٹی انڈسٹری کی رائے
ہاسپیٹیلٹی کمپنی آئی لینڈ لائف کے منیجنگ ڈائریکٹر امرت راجاراتھنم نے کہا:"یہ اقدام سری لنکا کو زیادہ قابل رسائی اور مسابقتی سیاحتی منزل بنانے کی طرف ایک مضبوط قدم ہے۔"انہوں نے مزید کہا کہ اگرچہ یہ اقدام 2025 کے ہدف کو مکمل طور پر پورا نہیں کرے گا، مگر سیاحوں کی آمد میں نمایاں اضافہ یقینی طور پر متوقع ہے، کیونکہ دنیا بھر میں سیاحت پر مبنی ممالک ویزا فری پالیسی اختیار کر رہے ہیں۔