کچے کے علاقوں میں آپریشن، دوڈاکو ہلاک، بنکر تباہ

 مجموعی طور پر 139 ڈاکو ہتھیار ڈال کر جرائم کی دنیا سے توبہ، میرٹ پر تفتیش کی جائے گی 
لاہور(کرائم رپورٹر)پنجاب پولیس نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ہمراہ کچے کے علاقوں میں بڑے پیمانے پر جاری آپریشن میں اہم کامیابیاں حاصل کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق حالیہ کارروائیوں کے دوران ڈرون حملوں میں مزید ڈاکوؤں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں جبکہ ڈاکوؤں کا ایک زیرِ زمین بنکر بھی تباہ کر دیا گیا ہے۔ترجمان کے مطابق حالیہ آپریشن کے دوران 2 خطرناک ڈاکو ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ مجموعی طور پر 139 ڈاکو ہتھیار ڈال کر جرائم کی دنیا سے توبہ کر چکے ہیں۔ گورنمنٹ آف پنجاب کی جانب سے مقررہ ہیڈ منی والے 12 مطلوب ڈاکو بھی سرنڈر کر چکے ہیں۔پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ رحیم یار خان اور راجن پور کے کچے کے علاقوں کا تقریباً 90 فیصد حصہ 10 سال بعد ڈاکوؤں سے کلیئر کروا لیا گیا ہے۔ ترجمان کے مطابق یہ کارروائیاں جدید ٹیکنالوجی اور مربوط حکمت عملی کے تحت کی جا رہی ہیں۔ڈی پی او رحیم یار خان عرفان سموں نے کہا ہے کہ قانون کے آگے سرنڈر نہ کرنے والے ڈاکوؤں کے خلاف سرجیکل اسٹرائیک جاری ہے۔ ان کے مطابق بیشتر ڈاکو مارے جا چکے ہیں جبکہ متعدد نے گرفتاری دے دی ہے۔ڈی پی او نے واضح کیا کہ سرنڈر کرنے والے ڈاکوؤں سے میرٹ پر تفتیش کی جائے گی اور انہیں عدالتوں سے انصاف حاصل کرنے کا مکمل موقع فراہم کیا جائے گا۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کچہ کریمنلز کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر رحیم یار خان پولیس کو شاباش دیتے ہوئے آپریشن جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔