برطانیہ (نیٹ نیوز) ایک شخص نے پرانا بوئنگ 737 طیارہ فیس بک سے خریدا اور پھر اپنے گھر کے احاطے کے ایک گڑھے میں دبا دیا تاکہ اسے زیرزمین جنگی بنکر اور پارٹی پیڈ میں تبدیل کرسکے۔45 سالہ ڈیو بلنگز نے اس پرانے طیارے کو فیس بک پر 4 ہزار برطانوی پاؤنڈز میں خریدا تھا۔ڈربی شائر سے تعلق رکھنے والے ڈیو بلنگز 14 فٹ گہرے گڑھے میں طیارے کے 3 ٹن وزنی ڈھانچے میں دبا دیا۔ڈیو بلنگز نے اس پرانے متروک طیارے کو اپنے جوہری بنکر سے جوڑ دیا ہے جس کی تعمیر وہ اپنی جائیداد میں برسوں سے کر رہے ہیں۔اس جوہری بنکر کا خیال انہیں ایک پرانی ہالی وڈ فلم دی گریٹ اسکیپ کو دیکھ کر آیا تھا۔اس جوہری بنکر پر وہ اب تک 50 ہزار پاؤنڈز خرچ کرچکے ہیں جس میں سرنگیں، خفیہ کمرے اور داخلی راستے موجود ہیں۔انہوں نے اکتوبر میں اس طیارے کو گڑھے میں دبایا اور اب وہ وہاں ایک لفٹ شافٹ لگانے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں جو برطانیہ کے ایک روایتی ریڈ فون باکس میں چھپی ہوگی۔اس لفٹ کے ذریعے لوگوں کو زمین میں دفن طیارے میں لے جایا جائے گا۔پیشے کے لحاظ سے انجینئر ڈیو بلنگز نے بتایا کہ ان کے 8 سالہ بیٹے اولیور کو طیارے بہت پسند ہیں اور اسی وجہ سے انہوں نے اسے خریدا، حالانکہ ان کی اہلیہ بیتھ کچھ زیادہ خوش نہیں تھیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ 'بیتھ حیران تھی کہ آخر میں ایک پرانے طیارے پر پیسے کیوں خرچ کر رہا ہوں اور اس کا کہنا تھا کہ یہ کچرے سے کم نہیں، مگر اب وہ مطمئن ہے'۔ڈیو بلنگز نے بتایا کہ زیرزمین دفن طیارے میں بجلی اور پانی کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے گا جبکہ ہم اوپر سولر پینلز بھی نصب کریں گے، اگر ضرورت پڑی تو ہم وہاں آف گرڈ طویل عرصے تک رہ سکیں گے۔انہوں نے زور دیا کہ یہ بنکر کسی ہنگامی صورتحال میں بقا کی بجائے تفریح کے لیے ہے، مگر اسے پناہ گاہ کے طور پر بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔ڈیو بلنگز نے اس طیارے کے ڈھانچے کو دسمبر 2025 میں خریدا اور پھر گھر منتقل کیا، اس تمام عمل میں 4 ہزار پاؤنڈز خرچ ہوئے۔ان کا تخمینہ ہے کہ مزید 8 ہزار پاؤنڈز اوپر کنکریٹ کے استعمال جبکہ 5 ہزار پاؤنڈز اسے مکمل طور پر زیرزمین بنکر میں تبدیل کرنے میں خرچ ہوسکتے ہیں۔