پی ٹی آئی والے وادی تیراہ میں آپریشن کرنا تو چاہتے ہیں لیکن چھپ رہے ہیں، وفاقی حکومت کو کوئی آپریشن کرنا ہوتا تو چھپاتے کیوں؟، کوہستان مالیاتی سکینڈل سب کے سامنے ہے، چار ارب روپے کی بدعنوانی کی گئی
وادی تیراہ کے لوگوں کو فراہم کی گئی امداد میں خورد برد کی گئی ‘ اب یہ لوگ سیاسی بیانیہ بنانے اور کرپشن چھپانے کے لئے بہانے تراشتے ہیں:وزیر مملکت برائے داخلہ کا بیان
اسلام آباد(آ ئی این پی )وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے کہا ہے وادی تیر اہ میں آپریشن نہیں ہورہا صرف نیشنل ایکشن پلان کے تحت کارروائی ہورہی ہے، اگر کوئی آپریشن ہوا تو اعلانیہ ہوگا اسے چھپائیں گے کیوں؟۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ وادی تیرہ میں کوئی آپریشن نہیں ہورہا اگرکوئی آپریشن کیا تو سب کو بتا کر کریں گے وہاں صرف نیشنل ایکشن پلان کے تحت کارروائی ہورہی ہے۔انہوں نے کہا کہ وادی تیراہ پر پی ٹی آئی نے منفی سیاست شروع کردی، پی ٹی آئی والے وادی تیراہ میں آپریشن کرنا تو چاہتے ہیں لیکن چھپ رہے ہیں، وفاقی حکومت کو کوئی آپریشن کرنا ہوتا تو چھپاتے کیوں؟ تیراہ میں جب آپریشن ہوگا اعلانیہ ہوگا۔طلال چودھری کا کہنا تھا وادی تیراہ کے لوگوں کو فراہم کی گئی امداد میں خورد برد کی گئی، کوہستان مالیاتی اسکینڈل سب کے سامنے ہے، چار ارب روپے کی بدعنوانی کی گئی اور اب یہ لوگ سیاسی بیانیہ بنانے اور کرپشن چھپانے کے لیے بہانے تراشتے ہیں۔