لاہور پولیس نے رات کے اوقات میں دفاتر سے گھر جانے والی خواتین کے ساتھ نازیبا حرکات کرنے والے اوباش شخص کو گرفتار کر لیا۔
ملزم کو سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ٹریس کیا گیا اور لبرٹی مارکیٹ سے حراست میں لیا گیا۔رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ دو روز قبل غالب روڈ پر پیش آیا، جب ملزم اللہ رکھا نے رات کے وقت ایک لڑکی کے ساتھ نازیبا حرکت کی۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزم کو حرکت کرتے اور فرار ہوتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ایس پی ماڈل ٹاؤن اخلاق اللہ تارڑ نے اس حوالے سے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی نیور اگین پالیسی کے مطابق خواتین کا استحصال کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور ان کو کسی رعایت کا مستحق نہیں سمجھا جائے گا۔مذکورہ واقعے کا مقدمہ درج کر کے فوری کارروائی کی گئی ہے اور ملزم کو حراست میں لے کر مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔