ٹرمپ کی امیگریشن پالیسیوں کیخلاف لڑیں گے: صدر کولمبیا کی جوابی دھمکی

امریکی صدر لالچ کی وجہ سے انسانیت کو مٹا دیں گے،ٹرمپ کولمبیا کے شہریوں کو کم تر نسل سمجھتے ہیں،گسٹاووپیٹرو

بگوٹا (آئی این پی ) کولمبیا نے امریکا کو جوابی کارروائی کی دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ غیر قانونی تارکین وطن کے مسئلے پر امریکا کے ساتھ بات چیت میں کسی قسم کی مداخلت کو قبول نہیں کرے گا۔میڈیارپورٹس کے مطابق یہ معاملہ اس وقت شروع ہوا جب امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کولمبیا کی حکومت کو دھمکی دی کہ وہ غیر قانونی تارکین وطن سے بھری دو امریکی پروازوں کو کولمبیا میں اترنے کی اجازت دینے سے انکار کرنے پر پابندیاں عائد کریں گے۔کولمبیا کے صدر گسٹاوو پیٹرو نے ان دھمکیوں کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اگر مذاکرات معطل ہوئے تو غیر قانونی سرگرمیاں مزید بڑھ سکتی ہیں۔ پیٹرو نے ٹرمپ کے خلاف اپنی شدید تنقید جاری رکھی اور کہا کہ وہ امریکا کے صدر کی امیگریشن پالیسیوں کو پسند نہیں کرتے اور ان کے خلاف لڑیں گے۔پیٹرو ایکس پر جاری اپنے بیان میں لکھا کہ ٹرمپ لالچ کی وجہ سے انسانیت کو مٹا دیں گے۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ امریکی صدر کولمبیا کے شہریوں کو کم تر نسل سمجھتے ہیں۔