لاس اینجلس کے بعد واشنگٹن میں بھی کرفیو کا نفاذ،امریکی فوج کو شہریوں کو حراست میں لینے کا اختیار دے دیا گیا
واشنگٹن (آئی این پی )امریکا میں امیگریشن پالیسیوں کے خلاف ملک گیر احتجاجی مظاہرے چھٹے روز بھی جاری رہے۔ کیلیفورنیا سے شروع ہونے والے مظاہروں کاسلسلہ امریکا کی مختلف ریاستوں میں پھیل گیا ہے جہاں مظاہرین اور امیگریشن حکام کے درمیان جھڑپوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔نیویارک، بالٹی مور، اٹلانٹا، شکاگو، سان فرانسسکو اور لاس اینجلس سمیت کئی بڑے شہروں میں ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے۔ نیویارک میں مظاہرین کی بڑی تعداد نے امیگریشن دفاتر کے باہر دھرنے دیے ‘لاس اینجلس کی صورتحال مزید سنگین ہو گئی ہے جہاں امریکی فوج کو شہریوں کو حراست میں لینے کا اختیار دے دیا گیا ہے۔ امریکی میڈیا کے مطابق سات سو میرینز اور چار ہزار نیشنل گارڈز لاس اینجلس میں تعینات کر دیے گئے ہیں۔ادھر ریاست ٹیکساس کے گورنر نے بھی نیشنل گارڈز کو تعینات کرنے کا اعلان کیا ہے تاکہ مظاہرین سے نمٹا جا سکے۔