بھارت کے ٹکڑے کرنے تک سکون سے نہیں بیٹھیں گے، خالصتان بنا کر مقبوضہ جموں وکشمیر کو آزاد کرائیں گے:سربراہ سکھ فار جسٹس تنظیم
اسلام آباد (آئی این پی ) سربراہ سکھ فار جسٹس تنظیم گرپتونت سنگھ نے کہا ہے جب تک بھارت کے ٹکڑے نہیں کر دیتے تب تک ہم سکون سے نہیں بیٹھیں گے،خالصتان بنا کر مقبوضہ جموں وکشمیر کو آزاد کرائیں گے۔ ایک نجی ٹی وی سے گفتگوکرتے ہوئے گرپتونت سنگھ نے کہا کہ حالیہ کشیدگی میں بھی بھارتی سکھ فوجیوں نے بغاوت کی اور بھارتی فوج میں شامل سکھ فوجیوں نے واضح کہا کہ وہ پاکستان کیخلاف نہیں لڑیں گے۔ کچھ بھی ہو جائے ہم پاکستانی افواج کیساتھ مل کر بھارت کیخلاف لڑیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہندو توا اور آر ایس ایس کی سوچ نے بھارت کو تباہ کر دیا ہے۔ اس وقت مسئلہ بھارتی سسٹم کا ہے جو ہندو توا سوچ کا ہے۔ وہاں مسلمانوں اور سکھوں کا قتل عام کیا جا رہا ہے۔سکھ رہنما کا کہنا تھا کہ مودی کی کوشش تھی کہ سکھوں کو پاکستان کیخلاف لڑائے۔ اس نے تو سکھوں کے مذہبی مقامات کو بھی نشانہ بنانے کی کوشش کی۔ سکھ اور مسلمان بھائی بھائی ہیں اور بھارت کے خلاف ہم مل کر لڑیں گے۔ مودی نے پاکستان کیخلاف جارحیت کا اعلان کیا تو سکھوں نے بھی واضح اعلان کیا اور پہلے دن کہا کہ ہم پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔