بانی پی ٹی آئی نے پاکستانیوں سے اپیل کی ہے ملک میں قانون کی حکمرانی بچانے کیلئے ترسیلات زر روکنے کی مہم میں بھرپور حصہ لینا ہے
جو جج انصاف دینے کی کوشش کرتے ہیں انہیں سائیڈ لائن کیا جاتا ہے، آپ لوگوں نے ججز کیساتھ کھڑا ہونا ہے:علیمہ خان کا ملاقات کے بعد پیغام
راولپنڈی(آئی این پی)بانی پی ٹی آئی عمران خان نے ایک بار پھر اوورسیز پاکستانیوں سے ترسیلاتِ زر روکنے کی اپیل کردی۔اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے بتایا بانی پی ٹی آئی نے بیرون ملک پاکستانیوں سے اپیل کی ہے کہ ملک میں قانون کی حکمرانی بچانے کے لیے ترسیلات زر روکنے کی مہم میں بھرپور حصہ لینا ہے۔علیمہ خان نے کہا کہ آج ہمارے وکلا توشہ خانہ ٹو کیس خارج کروانے گئے تھے کیونکہ یہ ایک ناجائز ٹرائل ہے جو جیل میں جاری ہے ۔ یہ کیس صرف اس لیے زیر سماعت ہے تاکہ بانی پی ٹی آئی کو جیل سے نکلنے نہ دیا جائے ۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ جسٹس انعام امین منہاس کا بھائی 9مئی کے کیس میں بانی پی ٹی آئی کے خلاف پراسیکیوٹر ہے ۔ جی ایچ کیو حملہ کیس کے پراسیکیوٹر کے بھائی کو جلدی سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں جج بنا کر بٹھا دیا گیا ہے۔ اسی طرح گل حسن اورنگزیب ایک ڈیڑھ سال سے بانی پی ٹی آئی کے کیسز سن رہے تھے، اب نئے ججز کو بٹھا کر کیسز ان کے حوالے کر دیے گئے ہیں۔عمران خان کی بہن نے کہا کہ اِن کا اردہ ہے کہ کوئی یہاں ناجائز عدالت سے بال پھینکے تو وہاں بھی اس کا ناجائز فیصلہ ہو ۔ ان کا ارادہ نہیں ہے بانی پی ٹی آئی کو جیل سے نکالنے کا، اس لیے جعلی کیسز چلائے جا رہے ہیں ۔