پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر شیری رحمان نے دریائے چناب پر بھارت کے پن بجلی منصوبے پر شدید ردِ عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے پانی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا اور بھارت دوبارہ کوشش کرے گا تو اسے “بنیان مرصوص کی طرح” ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
شیری رحمان نے کہا کہ دلہستی اسٹیج ٹو منصوبہ سندھ طاس معاہدے کی کھلی خلاف ورزی ہے اور یہ پاکستان کے تسلیم شدہ آبی حقوق پر براہِ راست حملہ ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی بین الاقوامی قوانین اور علاقائی امن کے خلاف ہے اور بھارتی منصوبے سے پاکستان کی آبی، زرعی اور ماحولیاتی سلامتی کو خطرات لاحق ہوں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ بھارت پانی کو بطور ہتھیار استعمال کر کے کشیدگی اور عدم استحکام پیدا کر رہا ہے اور چناب میں پانی کے بہاؤ میں اچانک کمی بھی اس آبی جارحیت کا ثبوت ہے۔ شیری رحمان نے زور دیا کہ سندھ طاس معاہدہ کسی ایک ملک کی صوابدید پر نہیں بلکہ عالمی ضمانتوں کے تحت طے شدہ ہے اور دریاؤں پر اجارہ داری قائم کرنے کی کوشش سنگین نتائج پیدا کر سکتی ہے۔انہوں نے اعلان کیا کہ پاکستان سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزیوں کو عالمی فورمز پر اجاگر کرے گا اور بھارت کو یکطرفہ اقدامات ترک کر کے بین الاقوامی معاہدوں کی پاسداری کرنی ہوگی۔