"آپریشن بنیان مرصوص پر فلم بنانے کا عندیہ، ایئر وائس مارشل اورنگزیب احمد کا کردار کس اداکار کو ملے گا؟ بحث چھڑ گئی"

معروف پاکستانی ہدایتکار نبیل قریشی نے حال ہی میں آپریشن "بنیان مرصوص" پر فلم بنانے کا عندیہ دیا ہے، جس میں پاکستان کی فضائیہ کے ایئر وائس مارشل اورنگزیب احمد کے کردار کو موضوع بنایا جائے گا۔

 نبیل قریشی نے اس آپریشن میں اہم کردار ادا کرنے والے ایئر وائس مارشل اورنگزیب احمد کی بہادری اور قیادت کو سراہتے ہوئے اس پر فلم بنانے کی دلچسپی ظاہر کی ہے۔اس اعلان کے بعد سوشل میڈیا پر یہ بحث چھڑ گئی ہے کہ ایئر وائس مارشل اورنگزیب احمد کا کردار کونسا پاکستانی اداکار نبھائے گا۔ مداحوں کی جانب سے فواد خان کا نام سب سے زیادہ تجویز کیا جا رہا ہے، کیونکہ ان کی شکل ایئر وائس مارشل اورنگزیب احمد سے مشابہت رکھتی ہے۔ ایک صارف نے فواد خان کو اس کردار کے لیے موزوں قرار دیا، جس پر نبیل قریشی نے دلچسپی کا اظہار کیا، تاہم ایک اور صارف نے اعتراض کیا کہ فواد خان بھارت میں کام کر چکے ہیں، اس لیے اس کردار کے لیے کسی ایسے پاکستانی اداکار کا انتخاب کیا جانا چاہیے جس نے بھارت میں کام نہ کیا ہو۔

 اس تبصرے پر نبیل قریشی نے تھمبز اپ ایموجی کے ساتھ خاموشی اختیار کی۔یاد رہے کہ ایئر وائس مارشل اورنگزیب احمد کی قیادت میں پاکستان کی فضائیہ نے بھارت کے فضائی حملے کے جواب میں شجاعت کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کے پانچ جنگی طیارے مار گرائے تھے، جن میں تین رافیل طیارے بھی شامل تھے۔ اس کامیاب آپریشن کے دوران پاکستان نے چند گھنٹوں میں بھارت کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا تھا، جسے سوشل میڈیا پر وسیع پیمانے پر سراہا گیا تھا۔