جرائم کی شرح میں سال 2024 کے مقابلے میں 37 فیصد کمی ریکارڈ کی
ڈکیتی،راہزنی ،کار چوری میں ملوث1308 ملزمان گرفتار ہوئے ، رپورٹ
اسلام آباد (خصوصی رپورٹ)اسلام آباد 2025 میں عالمی سطح پر پرامن ترین شہروں کی فہرست میں شامل ہو گیا۔ ایک غیر ملکی جریدے نے اپنی رپورٹ میں اسلام آباد کو صفحہ? اوّل کے پرامن شہروں میں جگہ دی ہے۔رپورٹ کے مطابق سال 2025 میں اسلام آباد میں مجموعی جرائم کی شرح میں سال 2024 کے مقابلے میں 37 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ سنگین جرائم میں 69 فیصد نمایاں کمی واقع ہوئی۔ رواں سال اسلام آباد پولیس نے 20 سے زائد ہائی پروفائل مقدمات 24 گھنٹے سے بھی کم وقت میں ٹریس کیے۔اسلام آباد پولیس نے 23 ہزار 683 ملزمان کو گرفتار کر کے 2 ارب روپے سے زائد مالِ مسروقہ برآمد کیا۔ ڈکیتی، راہزنی، کار اور موٹر سائیکل چوری میں ملوث 578 گینگز کے 1308 ارکان گرفتار کیے گئے، جن کے قبضے سے کروڑوں روپے مالیت کی 375 گاڑیاں اور 851 موٹر سائیکلیں برآمد ہوئیں۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ قتل کے مقدمات میں مؤثر کارروائیوں کے دوران 187 ملزمان گرفتار کیے گئے جبکہ 4 ہزار سے زائد اشتہاری اور سابقہ ریکارڈ یافتہ مجرمان کو قانون کی گرفت میں لایا گیا۔ قبضہ مافیا کے خلاف 157 مقدمات درج کر کے 161 ملزمان گرفتار کیے گئے۔’’اسلحہ سے پاک اسلام آباد‘‘ مہم کے تحت غیر قانونی اسلحہ اور اس کی نمائش کے خلاف بھرپور کارروائیاں کی گئیں۔