نارووال میں ایل پی جی 350روپے کلو بکنے لگی

سرکاری ریٹ نظرانداز، انتظامیہ، پیرا فورس غائب، شہری پریشان
نارووال (خصوصی رپورٹ)نارووال میں ایل پی جی سرکاری ریٹ نظرانداز کرتے ہوئے من مانے ریٹ 350 روپے کلو میں بکنے لگی۔ انتظامیہ اور پیرا فورس گاڑیوں کے مزے لینے میں مصروف ،اوگرا نے گھریلو گیس سلنڈر کی قیمت 2735 روپے مقرر کر رکھی ہے۔دنیا سروے میں شہریوں نے بتایا کہ دکانوں پر ریٹ لسٹ ہی موجود نہیں ،سرکاری قیمت پر اصرار کریں تو دکاندار کہتے ہیں ہمیں گیس مہنگی ملتی ہے، مقررہ ریٹ پر نہیں دے سکتے۔شہریوں کا کہنا تھا کہ ریگولر گیس سلنڈر میں 11کلو 800گرام گیس ہوتی ہے لیکن کبھی بھی سلنڈر میں مقررہ مقدار نہیں بھری جاتی ، اس صورتحال میں پرائس کنٹرول کمٹیاں اور پیرا فورس کہیں نظر نہیں آ رہی، سب کاغذی کارروائیوں اور فوٹو سیشن میں مصروف ہیں جبکہ شہری دن دہاڑے لٹنے پر مجبور ہیں۔عوامی حلقوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے ضلعی انتظامیہ اور پیرا فورس کی کارکردگی کے متعلق نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔