گندم ،آٹا ریٹ بے لگام ،روٹی 5روپے مہنگی
چکی آٹا 200 ،سرکاری آٹا 160 روپے میں فی کلو فروخت ،20 کلو کا تھیلا نایاب ،کراچی میں گندم 5800 روپے، پشاور 5600، راولپنڈی اور اسلام آباد میں 5400 روپے من فروخت ہو رہی ،ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کے خلاف متعلقہ ادارے متحرک ہیں:ڈی جی فوڈ پنجاب
لاہور ( خصوصی رپورٹ ) پنجاب میں بھی گندم کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات نمایاں ہونے لگے، لاہور میں فی من قیمت 1400 روپے اضافے سے 5200 روپے ہوگئی، سرکاری گندم کی سپلائی مقررہ یومیہ 15 ہزار میٹرک ٹن کے مقابلے میں صرف 3500 میٹرک ٹن رہ گئی، آٹا مہنگا اور 20 کلو کا تھیلا نایاب جبکہ سادہ روٹی 20 سے 25 روپے میں فروخت ہونے لگی۔ ذرائع کے مطابق پنجاب میں سرکاری گندم کی موجودہ ریلیز قیمت 3800 روپے من ہے تاہم سرکاری ریلیز قیمت میں اضافے کا خدشہ ہے، اوپن مارکیٹ میں سپلائی متاثر ہونے اور قیمتوں میں اضافے کی شکایات ہیں۔ لاہور کو روزانہ 1500 میٹرک ٹن گندم فراہم کی جا رہی جبکہ باقی 40 اضلاع کو مجموعی طور پر صرف 2000 میٹرک ٹن گندم جاری کی جا رہی ہے ،مختلف شہروں میں گندم کی قیمتیں بھی بڑھ گئی ہیں، کراچی میں گندم 5800 روپے، پشاور 5600، راولپنڈی اور اسلام آباد میں 5400 روپے ، جنوبی پنجاب اور رحیم یار خان میں 5200 روپے فی من فروخت ہو رہی۔ علاوہ ازیں صوبے میں عام آٹا 113 روپے فی کلو کے نرخ پر فروخت کیا جا رہا ہے جبکہ نجی آٹا 150 روپے فی کلو تک پہنچ گیا ، لاہور میں چکی آٹا 200 روپے کلو،سرکاری آٹا 160 روپے کلو فروخت ہو رہا ہے ، 20 کلو آٹے کے تھیلے کی عدم دستیابی کی شکایات ہیں جبکہ 15 کلو کا تھیلا 2200 روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے، اسی طرح سادہ روٹی کی قیمت 14 روپے مقررہے لیکن بعض مقامات پر 20 سے 25 روپے میں فروخت ہو رہی ۔ ذرائع کے مطابق گراں فروشی کی روک تھام کیلئے پیرا اور ضلعی انتظامیہ کے اقدامات مئوثر ثابت نہیں ہو رہے جس سے شہریوں کو روزانہ اضافی اخراجات برداشت کرنا پڑ رہے ہیں۔ڈی جی فوڈ پنجاب امجد حفیظ نے دعویٰ کیا ہے کہ صوبے بھر میں آٹے کی سپلائی میں رکاوٹ پیدا نہیں ہونے دی جائے گی،ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کے خلاف متعلقہ ادارے متحرک ہیں اور کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔