عوام کو آن لائن لوٹنے والے منظم جرائم پیشہ گروہوں کے خلاف کارروائی کا اختیارسی سی ڈی کو دینے کا فیصلہ

 سائبر فراڈئیے سی سی ڈی کے نشانے پر
 فیصلہ آن لائن فراڈ اور سائبر جرائم کی وارداتوں میں خطرناک حد تک اضافے کے پیش نظر کیا گیا ، منظم گروہ آن لائن فراڈ کے ساتھ ساتھ شارٹ ٹرم اغوا برائے تاوان جیسی سنگین وارداتوں میں بھی ملوث ہیں، ملزموں کی جائیدادیں قرق کی جائیں گی
لاہور(کرائم رپورٹر)حکومتِ پنجاب نے آن لائن اور الیکٹرانک ڈیوائسز کے ذریعے عوام کو لوٹنے والے منظم جرائم پیشہ گروہوں کے خلاف بھرپور کارروائی کا اختیار کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) کو دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ یہ فیصلہ آن لائن فراڈ اور سائبر جرائم کی وارداتوں میں خطرناک حد تک اضافے کے پیش نظر کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق آن لائن وارداتوں کے ذریعے معصوم شہری اپنی زندگی بھر کی جمع پونجی سے محروم ہو رہے ہیں، جبکہ تنخواہ دار اور کاروباری طبقہ ان جرائم پیشہ عناصر کا آسان ہدف بن چکا ہے۔ ملزمان نہ صرف عام شہریوں بلکہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے مستفید ہونے والے افراد کو بھی لوٹ رہے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ منظم گروہ آن لائن فراڈ کے ساتھ ساتھ شارٹ ٹرم اغوا برائے تاوان جیسی سنگین وارداتوں میں بھی ملوث ہیں، تاہم بیشتر واقعات میں مقدمات کا اندراج تک نہیں ہو پاتا۔ ملک بھر میں سرگرم یہ گروہ جدید ٹیکنالوجی اور الیکٹرانک ذرائع استعمال کرتے ہوئے شہریوں کو لوٹ رہے ہیں۔حکومت پنجاب کے فیصلے کے مطابق سی سی ڈی ان ملزمان کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کرے گی اور آن لائن فراڈ کے ذریعے بنائے گئے اربوں روپے مالیت کے اثاثوں کا سراغ لگا کر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ منظم سائبر جرائم میں ملوث افراد کی جائیدادوں کی قرقی کے لیے بھی قانونی عمل شروع کیا جائے گایہ اہم فیصلہ منشیات فروشوں کے خلاف سی سی ڈی کے حالیہ تاریخی اور کامیاب آپریشن کے بعد کیا گیا ہے، جس کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔ حکومت کو توقع ہے کہ سی سی ڈی کی کارروائیوں سے آن لائن جرائم میں واضح کمی آئے گی اور عوام کی جمع پونجی کو محفوظ بنایا جا سکے گا۔