حکومت نے ملک کو مسائل کی دلدل سے نکال دیا :حمزہ شہباز

ایک نام نہاد سیاسی جماعت اتحاد کی بجائے نفاق کو فروغ دے رہی :سابق وزیراعلیٰ 
 ملکی ترقی میں اقلیتی برادری کا کردار فراموش نہیں کرسکتے:طارق گل سے گفتگو
لاہور(خصوصی رپورٹ)مسلم لیگ ن کے رہنماء و سابق وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن)کی حکومت نے مسلسل اور انتھک جدوجہد سے ملک کو مسائل کی دلدل سے باہر نکالا، ایک نام نہاد سیاسی جماعت اتحاد کی بجائے نفاق کو فروغ دے رہی ہے جس پردشمن بغلیں بجا رہا ہے ، پاکستان میں اقلیتوں کو برابر کے حقوق حاصل ہیں اور ان کی فلاح و بہبود کیلئے بے پناہ اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب اسمبلی میں اقلیتی رکن اسمبلی طارق مسیح گل سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر پارٹی اور اقلیتی برادری کے امور بارے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اقلیتی برادری کے مثبت کردار کو ہرگز فراموش نہیں کیا جا سکتا ،مسلم لیگ (ن)بطور جماعت اقلیتوں کو بے پناہ اہمیت دیتی ہے اور ہمیشہ ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ،پاکستان کو آگے لے جانے کیلئے مسلم لیگ (ن)کی قیادت نے ہر کڑے دور میں اپنی ذات کی بجائے قومی مفاد کو ترجیح دی اور انشا اللہ آئندہ بھی دریغ نہیں کیا جائے گا۔