دہلی میں ڈرگ کوئین کی حکومت: مودی کے ترقیاتی نعرے کے پیچھے منشیات کی دلدل

دارالحکومت میں منشیات کی ملکہ کوسم کے منظم نیٹ ورک کا انکشاف، گھر سے 550 ہیروئن کے پیکٹس، نشہ آور گولیاںبرآمد 
نئی دہلی (آن لائن) مودی سرکار کے زیر سایہ بھارت کے بڑے شہر منشیات کے اڈوں میں بدلتے جا رہے ہیں۔ دارالحکومت دہلی میں منشیات کی ملکہ کوسم کے منظم نیٹ ورک کا انکشاف ملک میں بڑھتے ہوئے جرائم اور کمزور نظام انصاف کی عکاسی کرتا ہے۔ بھارتی میڈیا   کی تہلکہ خیز رپورٹ کے مطابق کوسم نامی خاتون کے گھر سے 550 ہیروئن کے پیکٹس، نشہ آور گولیاں، 14 لاکھ نقدی، قیمتی گاڑیاں اور دو کروڑ روپے کی بینک رقوم برآمد ہوئی ہیں۔ کوسم اور اس کی بیٹیوں کے اکاؤنٹس میں ہونے والی مشکوک ٹرانزیکشنز، اور بغیر کسی واضح ذریعہ آمدن کے سلطان پوری میں چار رہائشی یونٹس کو ملا کر تعمیر کی گئی غیر قانونی عمارت، منشیات مافیا کے اثر و رسوخ کی گہرائی کو ظاہر کرتی ہے۔ رپورٹ کے مطابق کوسم پر پہلے سے 12 مقدمات درج ہیں، لیکن عدالتی نظام اور تفتیشی اداروں کی نااہلی کے باعث وہ آج بھی کھلے عام اپنے نیٹ ورک کو چلا رہی ہے۔