شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر سخت چیکنگ، 72 گھنٹوں میں 50 ملزمان گرفتار

شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر سخت چیکنگ، 72 گھنٹوں میں 50 ملزمان گرفتار

موبائلز اسکواڈ کی جانب سے شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر سخت چیکنگ کا سلسلہ جاری ہے۔

پولیس ترجمان کے مطابق گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مختلف کارروائیاں کی گئیں، جن کے نتیجے میں مجموعی طور پر 50 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان میں 26 اشتہاری اور 14 عدالتی مفرور شامل ہیں، جبکہ 4 عادی ملزمان کو بھی حراست میں لیا گیا۔ ملزمان کی گرفتاری ای پولیس ایپ کی مدد سے عمل میں لائی گئی۔اس کے علاوہ موبائلز اسکواڈ نے اسلحہ کی نمائش اور وڈالا کلچر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 4 ملزمان کو گرفتار کیا، جن کے قبضے سے ایک پستول، 3 رائفلیں، گولیاں اور میگزینز برآمد کیے گئے۔

پولیس ترجمان کے مطابق ناکہ جات پر ای پولیس ایپ کے ذریعے 53 ہزار 614 سے زائد افراد کا ریکارڈ چیک کیا گیا، جبکہ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر 6 ہزار 916 گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی جانچ پڑتال کی گئی۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے یہ کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے۔