پانچ روز کے دوران سمندر سے نکالے جانے والے تارکینِ وطن کی مجموعی تعداد 840 ہو گئی
تمام افراد کو محفوظ طریقے سے گاوڈوس منتقل کر دیا گیا، تاہم فوری طور پر ان کی قومیت ظاہر نہیں کی گئی
تارکینِ وطن بڑی تعداد میں لیبیا سے یونان کے جزیرے کریٹ تک سمندری سفر کی کوشش کرتے ہیں
ایتھنز (آئی این پی) یونان کے کوسٹ گارڈ نے جزیرہ کریٹ کے قریب سمندر میں پھنسے 131 غیر قانونی تارکینِ وطن کو بحفاظت ریسکیو کر لیا۔یونانی پولیس کے ترجمان کے مطابق گزشتہ پانچ روز کے دوران اس علاقے میں سمندر سے نکالے جانے والے تارکینِ وطن کی مجموعی تعداد 840 ہو گئی ہے۔ترجمان کے مطابق گزشتہ روز ایک ماہی گیری کی کشتی سے تارکینِ وطن کو جزیرہ گاوڈوس کے جنوب میں تقریبا 14 ناٹیکل میل کے فاصلے پر ریسکیو کیا گیا۔ تمام افراد کو محفوظ طریقے سے گاوڈوس منتقل کر دیا گیا، تاہم فوری طور پر ان کی قومیت ظاہر نہیں کی گئی۔مشرقی بحیرہ روم کا یہ راستہ اب بھی انتہائی خطرناک تصور کیا جاتا ہے، جہاں تارکینِ وطن بڑی تعداد میں لیبیا سے یونان کے جزیرے کریٹ تک سمندری سفر کی کوشش کرتے ہیں۔رواں ماہ کے آغاز میں کریٹ کے قریب ایک کشتی ڈوبنے کے نتیجے میں 17 افراد ہلاک ہوئے تھے، جن میں زیادہ تر سوڈانی اور مصری شہری شامل تھے، جبکہ 15 افراد لاپتا ہو گئے تھے۔ اس حادثے میں صرف دو افراد زندہ بچ سکے تھے۔