کراچی، سمندر میں ڈوبنے والے 6 نوجوانوں کو بچا لیا گیا، 2 کی حالت تشویشناک

کراچی(آئی این پی )کراچی میں ہاکس بے پر تفریح کے لئے جانے والے 6 نوجوانوں کو غوطہ خوروں نے سمندر میں ڈوبنے سے بچا لیا۔ ر پورٹ کے مطابق چھٹی کے روز لوگوں کی بڑی تعدادنے تفریح کے لئے ساحل سمندر کا رخ کر لیا، ہاکس بے پر بھی سمندر پر تفریح کے لیے آنے والوں کا جم غفیر ہے، جہاں 6 نوجوان نہاتے ہوئے سمندر کی تندو تیز لہروں کے باعث ڈوب گئے، تاہم ساحل پر موجود غوطہ خور فوری حرکت میں آئے اور انہیں ڈوبنے سے بچا لیا۔ریسکیو حکام کے مطابق متاثرہ نوجوانوں میں معیز، جازم، حوزن، علی، سعید احمد اور علی مبارک شامل ہیں، جن کی عمریں 19 سے 26 سال کے درمیان ہیں۔ڈوبنے والے دو نوجوانوں معیز اور جازم کو بے ہوشی کی حالت میں نکالا گیا اور انہیں تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔