فوج قباتیہ میں نام نہاد دہشت گرد مراکز کے خلاف بھرپور کارروائی کر رہی ہے
مقامی فلسطینی شہریوں کا کہنا ہے کہ اسرائیلی اقدامات اجتماعی سزا کے مترادف ہیں
غزہ (آئی این پی) اسرائیلی فورسز نے دو اسرائیلی شہریوں کی ہلاکت کے بعد مغربی کنارے کے فلسطینی گائوں قباتیہ کو مکمل طور پر سیل کر دیا ہے، جہاں دوسرے روز بھی فوجی کارروائیاں جاری رہیں۔اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز کے مطابق فوج قباتیہ میں نام نہاد دہشت گرد مراکز کے خلاف بھرپور کارروائی کر رہی ہے اور گاوں کے گرد مکمل گھیرا کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی حملوں کے خلاف سخت اور بلا لچک پالیسی جاری رکھی جائے گی۔مقامی فلسطینی شہریوں کا کہنا ہے کہ اسرائیلی اقدامات اجتماعی سزا کے مترادف ہیں۔ قباتیہ کے رہائشی بلال ہنیشا کے مطابق سڑکیں ملبے سے بند کر دی گئی ہیں اور لوگوں کی نقل و حرکت ناممکن بنا دی گئی ہے۔فلسطینی خبر رساں ادارے وفا کے مطابق اسرائیلی فورسز نے گائوں کے داخلی راستے بند کرنے کے ساتھ گھروں کی تلاشی لی اور ایک اسکول کو عارضی حراستی مرکز میں تبدیل کر دیا۔ ایک اور مقامی شہری محند زکرنہ نے بتایا کہ انہیں بغیر کسی الزام کے کئی گھنٹے ہتھکڑی لگا کر رکھا گیا۔