اسلام آباد: پی ٹی آئی رہنما مراد سعید نے احسن اقبال کو ہرجانے کے لیے دیے گئے ڈسٹرکٹ کورٹ کے فیصلے کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں اپیل دائر کردی ہے۔
عدالت میں دائر کی گئی اپیل میں مراد سعید نے 25 لاکھ روپے ہرجانے کی ڈگری کو کالعدم قرار دینے اور حتمی فیصلے تک حکم امتناع جاری کرنے کی درخواست کی ہے۔یاد رہے کہ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ جج اسلام آباد نے 29 جولائی 2026 کو مراد سعید کو ہرجانے کی رقم احسن اقبال کو ادا کرنے کا حکم دیا تھا۔ اب مراد سعید نے اس فیصلے کو چیلنج کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ ٹرائل کورٹ کا فیصلہ ریکارڈ اور شہادتوں کے منافی ہے۔اپیل میں کہا گیا ہے کہ مراد سعید نے یہ پریس کانفرنس سرکاری ریکارڈ اور ایف آئی اے کے مراسلات کی بنیاد پر کی تھی، اور عدالت نے گواہان کے بیانات اور ایف آئی اے رپورٹ کو نظر انداز کیا۔مراد سعید نے یہ بھی موقف اپنایا کہ ٹرائل کورٹ نے بدنیتی ثابت نہ ہونے کا اعتراف کیا، مگر پھر بھی انہیں ہرجانہ عائد کیا گیا، جس کے خلاف ہائیکورٹ سے استدعا کی گئی ہے کہ ڈسٹرکٹ کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔