اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال کے پی ٹی آئی کے رہنما مراد سعید کے خلاف دائر ہرجانہ کیس کی سماعت میں حتمی دلائل کے لیے مہلت کی استدعا منظور کر لی۔
ایڈیشنل اینڈ سیشن جج محمد شبیر بھٹی کی عدالت میں اس کیس کی سماعت ہوئی، جس میں مراد سعید کے وکیل نے حتمی دلائل کے لیے مہلت کی درخواست کی۔ عدالت نے یہ استدعا منظور کرتے ہوئے کیس کی سماعت 18 مارچ تک ملتوی کر دی۔یاد رہے کہ احسن اقبال نے مراد سعید کے خلاف 10 ارب روپے کے ہرجانہ کا دعویٰ دائر کر رکھا ہے۔ مراد سعید نے احسن اقبال پر ملتان سکھر موٹروے میں 70 ارب روپے رشوت لینے کا الزام عائد کیا تھا۔احسن اقبال کے وکیل قیصر امام کے معاون نے عدالت میں اپنی موجودگی ظاہر کی جبکہ مراد سعید کی طرف سے معاون وکیل پیش ہوئے۔