پختونخوا میں ڈینگی کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 478 ہوگئی، پشاور سب سے زیادہ متاثر

پختونخوا میں ڈینگی کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 478 ہوگئی، پشاور سب سے زیادہ متاثر

پشاور: خیبرپختونخوا میں اس سال 478 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، جس کے بعد صوبے میں ڈینگی سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد بڑھ گئی ہے۔

 محکمہ صحت کے مطابق مختلف سرکاری اسپتالوں میں 2,697 مشتبہ ڈینگی کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، تاہم خوش آئند بات یہ ہے کہ اس سال کسی بھی شخص کی ڈینگی سے ہلاکت نہیں ہوئی ہے۔رپورٹ کے مطابق، گزشتہ ایک ہفتے کے دوران صوبے میں 620 مشتبہ کیسز سامنے آئے جن میں سے 83 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی۔ سب سے زیادہ تصدیق شدہ کیسز پشاور میں 177 رپورٹ ہوئے ہیں، جبکہ کوہاٹ میں 151 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ، بنوں میں 31، ہری پور میں 21، اور سوات میں 10 کیسز سامنے آئے ہیں۔محکمہ صحت نے بتایا کہ ڈینگی لاروا کی افزائش روکنے کے لیے صوبے بھر میں 2 لاکھ 46 ہزار سے زائد گھروں کا معائنہ کیا گیا۔ اس دوران 600 مقامات پر ڈینگی لاروا مثبت پایا گیا، جس کے بعد انسداد کے اقدامات تیز کیے گئے۔ اس کے علاوہ، 22 ہزار سے زائد آؤٹ ڈور سائٹس کا بھی معائنہ کیا گیا، جن میں سے 304 مقامات پر ڈینگی لاروا پایا گیا، جنہیں مثبت قرار دیا گیا ہے۔محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ ڈینگی وائرس سے بچاؤ کے لیے عوام کو آگاہی مہم چلائی جا رہی ہے اور گھروں کے اندر و باہر صفائی ستھرائی پر خاص توجہ دی جارہی ہے تاکہ لاروا کی افزائش کو روکا جا سکے۔ حکام نے عوام سے درخواست کی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور مقامی انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں تاکہ اس موذی مرض کا قلع قمع کیا جا سکے۔